اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت دسمبر 2017ءتک پاک چین اقتصادی راہداری سمیت توانائی کے مختلف منصوبوں کی تکمیل کے ذریعے 11200میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کرے گی۔ وفاقی وزیر جمعرات کو پرائمنسنٹرز ڈیلیوری یونٹ کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، جس میں توانائی کے مختلف زیر تعمیر منصوبوں کے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پورٹ قاسم کول پلانٹ، ساہیوال پاور پلانٹ، تھرپاور پلانٹ اور حبکو پاور پلانٹ پر کام کے پیش رفت بارے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ہفتے توانائی پر قومی کانفرنس طلب کی جائے گی، جس میں اس شعبے کے ماہرین اور اسٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا جائے گا۔ احسن اقبال نے کہا کہ ان منصوبوں کی جلد تکمیل کے لئے کوششیں جاری ہے، بجلی کی پیداوار کے ساتھ تقسیم کے نظام میں بہتری لائی جا رہی ہے۔