کراچی(نیوزڈیسک)عید کے بعد شادیوں کا سیزن شروع ہوگیا ہے اور خواتین کی دیرینہ آرزو پوری ہونے کا وقت آگیا ہے کیونکہ سونے کی قیمت عالمی سطح پر پانچ سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔ خوش خبری ہے کہ سونے کی قیمت میں 800 روپے فی تولہ کی کمی ہوئی ہے۔ سونے کی قیمت میں کمی کی وجہ امریکی ڈالرکی شرح سود میں اضافے کی خبروں کے بعد بڑی تعداد میں سونا فروخت کیا جانا ہے، جس کی وجہ سے پاکستان میں 24 قیراط کے فی تولہ سونے کی قیمت 44 ہزار 700 روپے ہوگئی۔ پیرکو بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 4فیصد تک کی کمی ہوئی۔ دیگر ممالک کی طرح چین میں بھی سونے کی دھڑادھڑ فروخت جاری ہے۔ بھارتی منڈیوں میں سونے کا بھاؤ 25ہزار روپے فی دس گرام سے بھی نیچے چلا گیا ہے۔