کراچی(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم وقدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ چین سے ایل این جی کی درآمد کے لئے 700کلومیٹر طویل پائپ لائن پر کام جاری ہے،منصوبے کے لئے پاکستان اور چین مشترکہ طورپرفنڈزفراہم کریں گے۔ایک انٹرویومیں شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ پاکستان نے چین سے ایل این جی کی در آمد کیلئے 700 کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھانے کا کام شروع کردیاہے۔ انہوں نے کہاکہ گوادر کی بندرگاہ پاکستان چین اقتصادی راہداری کا مرکز ہوگی۔ جس سے مغربی چین کی گرم پانیوں تک رسائی ممکن ہوسکے گی۔ شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ چین کی مالی امداد سے پاکستان کوایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران سے گیس کی در آمد کر کے اپنے توانائی بحران پر قابو پانے کی کوشش کر رہا ہے۔