کراچی (نیوز ڈیسک) توانائی کے بدترین بحران اور امن وامان کی ابتر صورتحال کے باعث گذشتہ مالی سال پاکستان کو بیرونی تجارت میں 22 ارب ڈالر سے زائد خسارہ ہو ا۔ برآمدات میں 5 فیصد کمی اور درآمدات میں 2 فیصد اضافہ ہوا ۔ ادارہ شماریات پاکستان کے مطابق گذشتہ مالی سال جولائی دوہزار چودہ سے جون دوہزار پندرہ کے دوران پاکستان نے دنیا کے مختلف ممالک کو تئیس ارب اٹھاسی کروڑ ڈالر کی اشیاءبرآمد کیں ، مالی سال دوہزار چودہ میں برآمد ی مالیت پچیس ارب گیا رہ کروڑ ڈالر تھی ، اسی طرح درآمدی حجم پینتالیس ارب اٹھانوے کروڑ ڈالر رہا ۔ جومالی سال دوہزار چودہ میں پینتالیس ارب سات کروڑ ڈالر تھا۔ اس طرح گذشتہ مالی سال تجارتی خسارہ دس فیصد سے زائد اضافے کے ساتھ 22 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ جو مالی سال دوہزار چودہ میں انیس ارب چھیانوے کروڑ دالر تھا ۔