ماسکو/بیجنگ (نیوز ڈیسک)شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس جمعرات کو روس کے شہر اوفا میں شروع ہوگا۔ اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے علاوہ مبصر ممالک کے سربراہان اور وزرائے اعظم بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں تاجکستان، ازبکستان، قزاخستان، ترکمانستان، کرغزستان، چین اور روس کے صدور اور وزراءاعظم شرکت کریں گے ¾ اس کے علاوہ پاکستان، بھارت، افغانستان، ایران اور منگولیا کے صدور اور وزراءاعظم بھی اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں خطے کے ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ سے متعلق امور پر غورکیا جائے گا۔ اس کے علاوہ انسداد دہشت گردی کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے سے متعلق امور پربھی تبادلہ خیال کیا جائے گاادھر چین کے نائب وزیرخارجہ چینگ گو پنگ نے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان اوربھارت کی شمولیت سے تنظیم کی ترقی اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو تعمیری بنانے میں بھی مدد ملے گی ۔ شنگھائی تعاون تنظیم میں اس وقت پاکستان، بھارت، افغانستان، ایران اور منگولیا کو مبصرکا درجہ حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم میں پاکستان اوربھارت کی شمولیت سے خطے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ اور افغانستان میں قیام امن میں مدد ملے گی جبکہ اس سے پاکستان اوربھارت کے درمیان کشیدگی میں بھی کمی ہوگی۔