اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے )نے موبائل براڈ بینڈ کے فروغ کے لیے ”اسمارٹ پاکستان “ کے نام سے ویب پورٹل کا آغاز کیا ہے۔گزشتہ روز جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ ویب پورٹل ہر قسم کی معلومات اور موبائل ایجوکیشن، موبائل ہیلتھ اور موبائل گورنمنٹ جیسے مختلف موضوعات پر موبائل ایپلی کیشنز کی ڈائریکٹری بھی فراہم کرے گا، اس ویب پورٹل کے ذریعے صارف کے لیے اپنی ضرورت کے پیش نظر ایپلی کیشنز تلاش کرنا اور بھی آسان ہوگا، اسمارٹ پاکستان کا مقصد ایپلیکیشن تیار کرنے والوں کو اپنی ایپلیکیشنز منظر عام پر لانے کے مواقع فراہم کرنا ہے اور اس حوالے سے ”اسمارٹ پاکستان “پہلا اہم قدم ہے۔اس اقدام کے ذریعے پاکستانی سوسائٹی کے متعلق اہم موبائل ایپلی کیشنزاور اس کی خدمات کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ ایک ہی وقت میں آپریٹرز، اوریجنل ایکویپمنٹ مینو فیکچررز (او ای ایم) اور مقامی ڈیولپرز کی ترقی کے راستے بھی ہموار ہونگے، ایک مستقل ایکو سسٹم بنانے کے لیے پی ٹی اے ” اسمارٹ پاکستان“ کے ذریعے عوام، حکومت، موبائل آپریٹرز، او ای ایم (ایس)،بین الاقوامی اداروں، تدریسی ماہرین، موبائل انٹرپرینیورز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم مہیا کررہا ہے۔