اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو 2 ماہ کی تنخواہ ادا کر دی گئی مگرادارے کے بحالی کے تمام منصوبے ناکام ہوگئے، وزیر صنعت وپیداوار مرتضی جتوئی کہتے ہیں اسٹیل ملز کی بحالی اب ممکن نہیں رہی، اب اس کی نجکاری واحد راستہ رہ گیا ہے۔پاکستان اسٹیل ملز کے ترجمان کے مطابق 16 ہزار ملازمین 4 ماہ کی تنخواہ سے محروم تھے اب ان کو 2 ماہ کی تنخواہ جو اپریل کے مہینے تک بنتی تھی ادا کر دی گئی ہے، تنخواہ کی مد میں 96 کروڑ روپے کی رقم فراہم کی گئی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے سے گیس کے پریشر کی کمی کی وجہ سے اسٹیل ملز کی پیداوار مکمل طور پر بند ہو گئی ہے، گیس کے پریشر کی فراہمی میں بے قاعدگی کے باعث دونوں بلاسٹ فرنسوں کے تکنیکی مسائل پیدا ہونے کی وجہ سے پیداوار معطل ہو گئی ہے جبکہ 2 لیڈلز کے علاوہ باقی تمام لیڈلز قابل استعمال نہیں رہے، ان کے اندرونی حصے میں دھات جمنے کی وجہ سے وہ قابل استعمال نہیں رہے جس سے اسٹیل ملز کو کروڑوں کا نقصان بھی ہو گیا ہے۔