اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چینی ایشین انفرااسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک پر تنقید بلا جواز ہے، بینک کے قیام سے مالیاتی اثر و رسوخ دنیا کے ایک حصے سے دوسرے حصے میں منتقل ہوگا۔ایک انٹرویو میںانہوں نے کہا کہ بینک پر تنقید بلا جواز ہے یہ حریف بینک نہیں بلکہ معاون بینک ہے ، انہوں نے کہا کہ اس بینک کےخلاف بہت بڑا پروپیگنڈا کیا گیا کہ اس میں شفافیت نہیں اور یہ موجودہ بینکوں کے حریف کے طور پر کام کرےگا۔انہوں نے کہا کہ 57ممالک جن میں زیادہ تر یورپی ممالک شامل ہیں آج اس کے مستقل رکن بن چکے ہیں، ان میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ بھی شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی حیرت نہیں ہوگی کہ کچھ نئے ممبر بھی اس کا حصہ بنیں گے ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ بینک کے قیام سے مالیاتی اثر و رسوخ دنیا کے ایک حصے سے دوسرے حصے میں منتقل ہوگا اسے مسابقت کہا جا سکتا ہے جو عالمی معیشت کےلئے ایک صحت مند پیشرفت ہے۔ بینک کے آپریشنل ہونے سے پاکستان اپنے انفراسٹرکچر کے منصوبوں اور بالخصوص توانائی، آبپاشی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں اس سے فائدہ حاصل کرےگا۔