اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے لیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے کے لیے رواں ماہ کے آخری ایام انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور ایف بی آر حکام رواں مالی سال کے لیے مقررہ ٹیکس ہدف حاصل کرنے کے لیے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایف بی آر کی ٹیم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ کے علاوہ ایف بی آر کے ممبران اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔اسحق ڈار نے آئندہ مالی سال کے لیے وفاقی بجٹ کی تیاری میں ایف بی آر کی ٹیم کی کوششوں اور کارکردگی کو سراہا۔ وزیر خزانہ نے ایف بی آر کی جانب سے رواں مالی سال کے لیے ٹیکس وصولیوں کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کی بھی تعریف کی اور کہا کہ رواں مالی سال کے لیے مقرر کردہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے کے لیے جون کے آخری ایام انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے ا?ئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی بجٹ تجاویز کو زیادہ سے زیادہ شامل کرنے کی کوشش کی ہے۔