کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان سٹیل مل کو سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس پریشر میں انتہائی کمی واقع ہونے سے ادارے میں پیداواری عمل شدید متاثر ہو رہا ہے ۔ ترجمان پاکستان اسٹیل مل کے مطابق گیس پریشر میں انتہائی کمی کے باعث پاکستان اسٹیل کی پیداوار میں شدید کمی کے ساتھ پلانٹ اور مشینری کو بھی شدید خطرے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ موجودہ سنگین صورتحال کے پیش نظر پاکستان سٹیل کی انتظامیہ نے وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور سوئی سدرن گیس کے اعلیٰ حکام کو گیس پریشر میں شدید ترین کمی کی طرف کئی مرتبہ توجہ مبذول کروائی اور کئی خطوط بھی تحریر کیے گئے لیکن اس صورتحال کا سدباب آج تک نہیں کیا جاسکا ہے۔اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو بلاسٹ فرنس اور اسٹیل کنورٹرز مکمل خراب ہوسکتے ہیں۔ پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان اسٹیل کو اس سنگین صورتحال سے نجات دلانے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔