لاہور ( نیوز ڈیسک) پولٹری ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر مصطفی کمال نے پولٹری پر ٹیکس کے خاتمہ کو خوش آئند قرار دیدیا۔ یہاں جمعہ کے روز جاری کردہ اپنے بیان میں ڈاکٹر مصطفی کمال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے موجودہ بجٹ کو متعلقہ شعبوں کی تجاویز کی روشنی میں زیادہ سے زیادہ قابل قبول بنانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پولٹری انڈسٹری پر ٹیکس سے مرغی کا گوشت مہنگا ہونے کا اندیشہ پیدا ہورہا تھا۔ تاہم انہوںنے کہا ہے کہ حتمی فیصلہ کے بعد مرغی کے گوشت کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرغی عام آدمی کی غذا کا حصہ ہے اور بعض حالتوں میں سبزیوں سے بھی سستی پڑتی ہے۔ اس لیے ایسے اقدام سے اجتناب عوام دوست فیصلہ ہے۔ اس کی وجہ سے گوشت مزید مہنگا نہیں ہوسکے گا۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے پولٹری انڈسٹری سے وابستہ افراد پر زور دیا ہے کہ رمضان میں مرغی کا گوشت سستے داموں فروخت کرنے کی کوشش کریں۔