اسلام آباد(نیوز ڈیسک)امریکی وزارت خزانہ دس ڈالر مالیت کے کرنسی نوٹ پر خاتون کی تصویر شائع کرےگی امریکی وزارت خزانہ کے مطابق ابھی تک اس خاتون کا نام سامنے نہیں آیا کہ جن کی تصویر امریکی کرنسی نوٹ کی زنیت بنے گی تاہم توقع ہے کہ خاتون کی تصویر والے امریکی ڈالر 2020ء سے مارکیٹ میں لین دین کے لئے میسر ہوں گے۔ امریکی محکمہ مالیات کے مطابق اس خاتون کا نام رواں برس سامنے لایا جائے گا تاکہ اس پر عوام سے رائے لی جا سکے۔ کہا جا رہا ہے کہ امریکا کے پہلے وزیر مالیات ایلگزینڈر ہیملٹن کی تصویر کی جگہ لینے والی امریکی خاتون وہ ہو گی جنہوں نے امریکی جمہوریت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہو۔ یاد رہے امریکا نے 19ویں صدی کے اختتام پر اپنے ایک کرنسی نوٹ پر پہلے امریکی صدر جارج واشنگٹن کی اہلیہ مارتھا واشنگٹن کی تصویر شائع کی تھی۔ وزارت خزانہ کے ریکارڈ کے مطابق امریکی ریڈ اینڈینز قبائل کے ایک سردار کی بیٹی پوکاہونٹاس کی تصویر 20 ڈالر مالیت کے نوٹ پر 19ویں صدی کے وسط تک شائع ہوتی رہی۔ امریکی وزیر مالیات کے بقول امریکی کرنسی دراصل اس بات کا بیان ہے کہ ہم کون ہیں اور کس کا دفاع کرتے ہیں۔ خاتون کی تصویر سے مزین نئی کرنسی کا اجراءامریکا میں خواتین کو ووٹ کا حق ملنے کے سو برس مکمل ہونے کی یادگار بھی شمار ہوگا۔