کراچی(نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت کی جانب سے چار جون دو ہزار پندرہ کو جاری کردہ گزٹ نوٹی فکیشن کے مطابق یکم دسمبر دو ہزار سولہ سے پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کی قانونی حیثیت ختم ہو جائے گی۔ اس لیے اب یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام باقی رہ جانے والے دس، پچاس، سو اور ہزار روپے کے پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کو مرحلہ وار ختم کر دیا جائے گا۔ پانچ روپے کے نوٹ اور پرانے ڈیزائن کے پانچ سو روپے کے نوٹ کی قانونی حیثیت پہلے ہی ختم ہو چکی ہے۔کمرشل اور مائیکروفنانس بینک تیس نومبر دو ہزار سولہ تک دس، پچاس، سو اور ہزار روپے کے پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کو قبول اور ان تمام مالیتوں کا اتنی ہی مالیت کے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹوں اور سکوں سے تبادلہ جاری رکھیں گے۔ تاہم ایس بی پی بی ایس سی کے فیلڈ دفاتر اکتیس دسمبر دو ہزار اکیس تک عوام سے دس، پچاس، سو اور ہزار روپے کے پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹ قبول کرتے رہیں گے۔بینکوں میں پرانے ڈیزائن کے تمام نوٹوں کے تبادلے کا آخری دن تیس نومبر دو ہزار سولہ ہے۔ پرانے ڈیزائن کے تمام نوٹوں کی قانونی حیثیت یکم دسمبر دو ہزار سولہ سے ختم ہو جائے گی جبکہ ایسے تمام بینک نوٹوں کے ایس بی پی بی ای سی کے فیلڈ دفاتر سے تبادلے کا آخری دن اکتیس دسمبر دو ہزار اکیس ہے۔