کراچی (نیوزڈیسک) معروف امریکی اخبار نے کہا ہے کہ سیکیورٹی اور توانائی کے مسائل کے باوجود پاکستان کے معیشت میں حالیہ برسوں کے دوران نمایاں بہتری آئی ہے ۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کےمطابق 2013 کے انتخابات کے بعد سے کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا حجم 72 فیصد بڑھا ہے ۔ پاکستانی معیشت میں بہتری کے امکانات کو دنیا بھر میں تسلیم کیا جارہا ہے ۔ وزیراعظم نوازشریف کی حکومت کہہ چکی ہے کہ سرمایا کاری کا فروغ اس کے کلیدی اقتصادی اہداف میں سے ایک ہے ۔ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے نجی اداروں کی طرف سے اسٹاک مارکیٹ کے ذریعے عام آدمی کو اپنے کاروبار میں حصے دار بنانا معیشت میں بہتری کی علامت ہے ۔ رپورٹ کے مطابق امریکی انڈیکس پرو وائیڈر مورگن اسٹینلے یا ایم ایس سی آئی بھی پچھلے ہفتے اعلان کرچکی ہے کہ وہ کراچی اسٹاک مارکیٹ کو آئندہ سال دنیا کی ابھرتی ہوئی اسٹاک مارکیٹوں میں شامل کرنے پر غور کررہی ہے ۔ ریٹنگ ایجنسی موڈیز بھی بیرونی ادائیگیوں کی مستحکم صورت حال اور اقتصادی اصلاحات کے پیش نظر پاکستان کی فارن کرنسی ریٹنگز کو سی اے اے ون سے بڑھا کر بی تھری کرچکی ہے۔