لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت رواں سال چار ملین میٹرک ٹن گندم خریدے گی ۔ خریداری کی یہ مہم پچیس اپریل سے شروع ہورہی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی وزیر خوراک کے ایک عہدیدار نے بتایا ہے کہ رواں سال 19.5 ملین ٹن گندم کی فصل متوقع ہے اس لئے صوبائی حکومت نے خیبر پختونخواہ اور بلوچستان حکومتوں اور پرائیویٹ سیکٹرز کو پیشکش کی ہے کہ وہ گندم کی خریداری 1300 روپے فی چالیس کلو گرام کے حساب سے خریدیں انہوں نے کہا کہ سال 2015ءکے لئے صوبے کی گندم کی ضروریات کا تخمینہ 3.5 سے لیکر چار ملین میٹرک ٹن لگایا گیا ہے انہوں نے کہا کہ گندم کی بین الصوبائی نقل وحمل پر کوئی پابندی نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا محکمہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ گندم سرکاری قیمت پر فروخت ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ای سی سی کی منظوری سے ایک ملین میٹرک ٹن کا سٹرٹیجک ذخیرہ محفوظ کیا ہوا ہے ۔