راولپنڈی(این این آئی)سابق وزیر اعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی ، مسلم لیگ ن برطانیہ کے صدراور حلقہ پی پی 16سے امیدوار ناصر بٹ خود ساختہ جلاوطنی ختم کرکے چار سال بعدپاکستان واپس پہنچ گئے، ائیرپورٹ پر ان کا فقید المثال استقبال کیا گیا ،بعدازاں ایک بڑے جلوس کی شکل میں انہیں
ائیرپورٹ سے حاجی ہاوس رتہ امرال لایا گیاجہاں ان پر گل پاشی کی گئی ،اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ناصر بٹ کاکہناتھاکہ قائد میاں نواز شریف کے حکم پر واپس آیا ہوں، آنے والا وقت میاں نواز شریف کا ہے قائد کے حکم پر واپس آیا ہوں ،انشاء اللہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرینگے۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے دور حکومت میں حالات بہت اچھے تھے ،لوڈ شڈنگ و دہشت گردی کا جن قابو کیا گیا لیکن سازشی عناصر نے 2014سے ہی نواز شریف کو کام نہ کرنے دیا مسلم لیگ (ن )کی حکومت کے خلاف جتھوں کے زریعے اسلام آباد میں چڑھائی کی گئی اور سدابہار دوست چین کے صدر کو اپنا دورہ ملتوی کرنا پڑا ، جو تجربات کئے گئے ان کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام آج بھی میاں نواز شریف کو یاد کر رہی ہے ،انشاء اللہ وہ وقت جلد دوبارہ آئیگا جب عوام کے محبوب قائد عوام کے درمیان ہونگے۔واضح رہے کہ ناصر بٹ چار سال سے برطانیہ میں تھے جج ارشد ملک وڈیو اسکینڈل میں ان کا کردار سامنے آیا تو عمران خان نے ایف ا?ئی اے کے زریعے ان کے خلاف مقدمات درج کروائے تاہم اسی اثناء وہ لندن چلے گے اور چار سال لند ن مقیم رہنے کے بعد انہوں نے برطانوی شہریت سرنڈر کی جبکہ ان کے ایک بھتیجے حمزہ بٹ چھ ماہ سے زیادہ وقت تک ایف آئی اے کے مقدمے میں جیل کاٹ چکے ہیں۔