پٹنہ(این این آئی)بھارتی ریاست بہار کے شہر پٹنہ میں ریلوے اسٹیشن پر حکام اس وقت پریشان ہوگئے جب پلیٹ فارم پر لگائی گئیں اسکرینز پر نازیبا ویڈیو چل گئی۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسٹیشن پر موجود لوگوں نے حکام کی اس غفلت کو ریکارڈ کرلیا۔
پلیٹ فارم پر لگی اسکرینز پر اشتہار کے بجائے غیر اخلاقی ویڈیو سامنے آئی جو تقریبا 3منٹ تک چلتی رہی۔ نشاندہی کروانے پر ریلوے پروٹیکشن فورس نے فوری طور پر اسکرینز کو بند کردیا۔ واقعے پر وہاں موجود لوگوں نے شدید احتجاج کیا اور حکام کو اس کی شکایت درج کروائی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں لوگوں نے ریاست بہار کے وزیراعلی نتیش کمار اور وزیر ریلوے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ بتایا گیاکہ ان اسکرینز کو چلانے کا ٹھیکہ کسی پرائیویٹ کمیونیکیشن ایجسنی کے پاس تھا جس کے خلاف واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ریلوے پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔