بنکاک(این این آئی)تھائی لینڈ کے ایک شہری نے اپنی سابقہ بیوی کے خلاف عدالت میں کیس کردیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق تھائی شہری کا موقف ہے کہ اس کی سابقہ اہلیہ نے الگ ہونے سے قبل 12 ملین بھات (تین لاکھ 52 ہزار امریکی ڈالرز کے مساوی)کی لاٹری ٹکٹ میں
نکلنے والے انعامی رقم کو اس سے چھپایا اور فون پر علیحدگی کے بعد کسی اور سے شادی کرلی۔ نارین نامی 47سالہ یہ تھائی شہری ایسان نامی علاقے کا رہنے والا ہے۔ اس نے حال ہی میں ایک وکیل کے ذریعے 20برس تک اس کی اہلیہ رہنے والی 43سالہ چاویوان کے خلاف قانونی جنگ کا آغاز کیا ہے جس سے اس کی تین بیٹیاں ہیں۔اس کا کہنا تھا کہ خاتون نے اس سے الگ ہونے تک لاٹری میں انعامی رقم نکلنے کے معاملے کو چھپا کے رکھا اور جب اس سے الگ ہوگئی تو کسی اور شخص سے شادی کرلی۔ اس کا مزید کہنا تھا کیونکہ وہ اپنے خاندان کی مالی آسودگی کی خاطر جنوبی کوریا میں ملازمت کررہا تھا اور اس کی سابقہ اہلیہ نے اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گزشتہ ماہ فون پر اس سے علیحدگی اختیار کرلی۔ اور جب وہ اس ماہ واپس آیا تاکہ اس کے الگ ہونے کی وجہ پوچھے تو معلوم ہوا کہ وہ تو کسی اور شخص سے شادی کرچکی ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ اس نے جو کچھ کمایا اس میں سے صرف 60 ہزار بھات اپنے اکائونٹ میں رکھے اور باقی رقم ہرماہ بیوی کو بھجوا دیتا تھا۔