کراچی(نیوزڈیسک)کراچی میں ایم کیو ایم کے یوم سوگ پر شہر میں کاروبار اور دکانیں جزوی طور پر بند رہیں، سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ بھی معمول سے کم رہی،تاہم اب معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہوگئے ہیں۔چار کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف ایم کیو ایم کی جانب سے یوم سوگ منایا گیاجس کے باعث جزوی طور پر شہر میں کاروبار اور دکانیں بند رہی اور کچھ علاقوں میں پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشن بھی نہیں کھل سکے،تاہم وقت گزرنے کے ساتھ شہر میں دوپہر دو بجے کے بعد سے معمولات زندگی بحال ہوگئے اور بیشتر علاقوں میں مارکیٹیں، پیٹرول پمپس اور دیگر کاروباری مراکز کھل گئے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق شہر میں کریم آباد، لیاقت آباد، اورنگی ٹاون اور گارڈن میں کارروائی کرتے ہوئے دکانیں بند کرانے والے آٹھ شرپسندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ترجمان رینجرز نے اپنے اعلامیہ میں شہریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امن کے دشمنوں کی دھمکیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ہڑتال کی کال کو مسترد کردیا ہے