واشنگٹن(نیوزڈیسک)چاکلیٹ کے شوقین افراد کے لئے خوشخبری؛حال ہی میں کی جانے والی تحقیق کے مطابق چاکلیٹ میں موجود کوکوا فلیوانولز کا استعمال صحت مند افراد میں بلڈ پریشر کے خطرے کو کم کرنے اور خون کی نالیوں کی کارکردگی بڑھانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔یورپی یونین کے تحت کام کرنے والے(ایف ایل اے وی آئی او ایل اے) ریسرچ سینٹر کی طرف سے پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق کوکوا فلیوانولز کا استعمال کرنے والے افراد میں عام افراد کی نسبت دل کی بیماریوں کے خطرے کو بڑی حد تک کم کرتا ہے۔محقق مالٹ کیلم کا کہنا ہے کہ انسانوں میں بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ دل کے دورے اورفالج کے حملے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ایسے میں اگر انھیں صحت پر مثبت اثر کرنے والی غذا دی جائے تو اس خطرے سے بڑی حد تک بچا جا سکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق کوکوا فلیوانولز پودوں پر لگے کوکو بیج سے حاصل کیا جاتا ہے۔محققین کا کہنا ہے کہ کوکوا فلیوا نولز اگرچہ دل کی بیماریو ں اور بلڈ پریشر کے خطرے کو کم کرتا ہے تاہم اس میں موجود قدرتی مرکبات پروسیسنگ کے دوران تباہ کر دیے جاتے ہیں۔علاوہ ازیں انکا یہ بھی کہنا ہے کہ کوکوا فلیونولز کے استعمال سے خون کی نالیوں کی لچک میں اضافہ ہوتا ہے جو بلڈ پریشر کو نارمل رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔