اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر دفاع نے کہا کہ پورا پاکستان سن لے ایک رکن قومی اسمبلی کی ماہانہ تنخواہ ایک لاکھ 68 ہزار روپے ہے، ہم کروڑوں اربوں روپے نہیں لیتے، اپنے خرچے پر آتے ہیں، یہاں ایسے بھی ایم این ایز ہیں جو پارلیمنٹ لاجز سے ایوان میں پیدل آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لیکن یہاں ایسے بھی لوگ موجود ہیں جن کا اسٹائل بادشاہوں والا ہے اور انہیں پوچھنے والا کوئی نہیں، جب وہ سڑکوں پر آتے ہیں تو سڑکوں پر کرفیو لگ جاتا ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ ہمارے سر پر کسی نے ہاتھ نہیں رکھا ہوتا، نہ کسی کے لیے فیصلے لکھے ہوتے، کسی کی ڈکٹیٹر شپ کو دوام نہیں بخشا ہوتا، اس ملک میں سب سے پہلا آئینی حادثہ ایک جج نے کیا تھا جس نے نظریہ ضرورت کو درست قرار دیا تھا، سب سے پہلی سیاسی شہادت بھی عدلیہ نے ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی لگا کر اور نواز شریف کی آئینی شہادت بھی عدلیہ نے کی۔انہوںنے کہاکہ ہمارے دامن میں لگے داغ کو ساری دنیا جانتی ہے لیکن کوئی یہ نہ بتائے کہ اس کے دامن پر داغ نہیں ہے، سیاستدانوں میں آج بھی ایسے لوگ ہیں جن کا نام عزت و احترام لیا جاتا ہے۔