اسلام آباد (نیوز ڈیسک)آزاد کشمیر کے ضلع وادی جہلم کے علاقے درنگ چناری سے تعلق رکھنے والے دو سگے بھائیوں نے میٹرک کے امتحانات میں ناقص نتائج کے بعد شدید ذہنی دباؤ اور مایوسی کے باعث اپنی زندگی کا المناک انجام خود ہی کر لیا۔ذرائع کے مطابق محمد یعقوب کے بیٹے، وقاص اور کاشف، نے جمعرات کے روز چکوٹھی کے قریب دریائے جہلم کے مقام “ڈولی” پر پہنچ کر دریا میں چھلانگ لگا دی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی ریسکیو ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور تلاش کا عمل شروع کر دیا۔عینی شاہدین کے مطابق چھوٹے بھائی کاشف کو میٹرک کے سالانہ امتحانات میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جس پر وہ دلبرداشتہ ہو کر دریا میں کود گیا۔ اپنے بھائی کو بچانے کی کوشش میں بڑا بھائی وقاص بھی دریا میں چھلانگ لگا بیٹھا۔ریسکیو 1122 اور مقامی افراد کی مدد سے دونوں کی تلاش کا عمل تاحال جاری ہے۔ علاقے بھر میں اس دل خراش واقعے نے فضا کو سوگوار بنا دیا ہے جبکہ متاثرہ خاندان غم سے نڈھال ہے۔یہ واقعہ ہمارے معاشرے میں تعلیمی دباؤ، نمبرات کی دوڑ اور ذہنی صحت سے متعلق غفلت کا ایک تلخ ثبوت ہے۔ میٹرک جیسا امتحان زندگی کا اختتام نہیں بلکہ صرف ایک مرحلہ ہے، مگر بدقسمتی سے اسے بچوں کی زندگی اور موت سے جوڑ دیا گیا ہے، جو ایک لمحہ فکریہ ہے۔