اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کالام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، صوابی، پشاور، مردان، چارسدہ، کوہاٹ اور ہنگو میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں بشمول اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، سرگودھا، چنیوٹ، حافظ آباد، گجرات، نارووال، منڈی بہاؤالدین، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن، جہلم، چکوال اور تلہ گنگ میں بھی وقفے وقفے سے موسلادھار بارش متوقع ہے۔ادارے نے ممکنہ طوفانی بارشوں کے دوران درپیش خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس موسم میں درختوں کے گرنے، بجلی کی فراہمی میں خلل، کمزور عمارتوں کو نقصان اور سڑکوں پر حادثات پیش آ سکتے ہیں۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بل بورڈز، کھلے درختوں اور غیر مستحکم عمارتوں سے دور رہیں، جبکہ گاڑیاں محفوظ اور کھلی جگہوں پر پارک کرنے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔