اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے اسلام آباد ضلع کے مرکزی تنظیمی اجلاس میں ہدایات جاری کی ہیں کہ ضلع میں ممبر سازی کا عمل شروع کیا جائے،سینئر عہدیداران پارٹی کے سفیر بنیں اور پارٹی کی
ممبر سازی شروع کریں، عوام تک پارٹی کا بیانیہ پہنچایا جائے۔پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیرِ صدارت مسلم لیگ ن کا تنظیمی اجلاس منعقد ہواجس میں پارٹی تنظیمی ڈھانچے اور کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔مریم نواز پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے تنظیمی امور سے متعلق تجاویز لیں۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ یونیورسٹیز میں طالب علموں کو ممبر بنایا جائے، نوجوانوں کو پارٹی میں شامل اور طلبائ، خواتین اور شہریوں کو مسلم لیگ (ن) کی جانب راغب کیا جائے۔انہوںنے کہاکہ لاہور میں یہ کام شروع کیا تو حیران کن نتائج ملے، لاہور میں توقعات سے بڑھ کر رسپانس ملا، ہر یونیورسٹی اور کالج میں جائیں اور طالب علموں کو شامل کریں۔مریم نواز نے کہا کہ اللہ نواز شریف کو اس ملک کی ایک بار پھر قیادت کرنے کی توفیق عطا فرمائے، نواز شریف کی قیادت میں یہ ملک اس راستے پر چلے جہاں ہم دیکھنا چاہتے ہیں۔