اوٹاوا(این این آئی )امریکی جنگی طیاروں نے امریکا اور کینیڈا کی فضائی حدود کے درمیان موجود ناقابل شناخت شے کو مار گرایا ہے۔امریکی ذرائع ابلاغ سے جاری خبروں کے مطابق امریکا کے جدید ترین جنگی طیاروں ایف بائیس نے کینیڈا کے شمال مغربی علاقے میں
پرواز کرنے والی ناقابل شناخت شے کو مار گرایا۔دوسری جانب کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کینیڈا کی فضائی حدود میں یوکون کے مقام پر اڑتی نامعلوم چیز کو مارگرانے کا حکم دیا ہے، جس پر امریکی اور کینیڈین طیاروں نے مشترکا طور پر آپریشن میں حصہ لیا۔آپریشن میں کامیابی سے طیاروں نے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔ ٹرڈو نے بتایا کہ انہوں واقعے سے متعلق امریکی صدر سے بھی رابطہ کیا ہے۔کینیڈین فورسز ملبے کو تلاش کر کے اس کا تجزیہ کریں گی۔ انہوں نے کارروائی کرنے پر امریکی ناردرن کمانڈ کا شکریہ بھی ادا کیا۔ایک اور ٹوئٹ میں کینیڈین وزیراعظم نے کہا کہ ان کی صدر جوبائیڈن سے بات چیت ہوئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز جمعہ 10 فروری کو امریکی ریاست الاسکا میں بھی ایک ناقابل شناخت آبجیکٹ کو گرایا گیا تھا۔اس سے قبل امریکا نے اپنے فضائی حدود میں ایک چینی غبارے کو مار گرایا تھا جس کے بعد امریکا اور چین میں سفارتی تناو بڑھ گیا ہے۔