ڈھاکہ (این این آئی)بنگلا دیش پریمیئر لیگ کے میچ کے دوران ہائی باؤنسر کو نو بال نہ قرار دینے پر فورچون بریشل کے کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن نے غصے میں آکر چیخنا شروع کر دیا اور فیلڈ امپائر سے بھی الجھ پڑے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
بنگلا دیش پریمیئر لیگ کے میچ کے دوران سلہٹ اسٹرائیکرز کے خلاف پہلی اننگز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 16 اوور کی چوتھی گیند بولر نے باؤنسر کرائی جو شکیب الحسن کے سر کے اوپر سے گئی اور انہوں نے گیند کو وائیڈ بال سمجھ کر وکٹ کیپر کے پاس جانے دیا تاہم لیگ سائیڈ پر کھڑے امپائر نے بال کو وائیڈ قرار دینے کے بجائے لیگل گیند قرار دیا اور اسے اوور میں کرائے جانے والے دو باؤنسرز میں سے ایک قرار دیا۔امپائر کی جانب سے گیند کو لیگل قرار دینا تھا کہ شکیب الحسن نے فوری طور پر غصے میں آکر چیخنا شروع کر دیا اور امپائر کے پاس جا کر ان سے بحث کرنا شروع کر دی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہے۔اس میچ میں شکیب الحسن نے 32 گیندوں پر 67 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی تاہم ان کی ٹیم 194 رنز کا دفاع نہ کر سکی اور سلہٹ اسٹرائیکرز نے ہدف 19 اوورز میں حاصل کر لیا۔