سڈنی( این این آئی) آسٹریلوی کرکٹر میتھیو رینشا نے کورونا وائرس مثبت ہونے کے باوجود ٹیسٹ میچ میں شرکت کی ۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ کی صبح میتھیو رینشا کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا تھا لیکن وہ سڈنی ٹیسٹ کا حصہ ہیں اور پروٹوکول کے مطابق الگ تھلگ رہ رہے ہیں۔
اس حوالے سے کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ میچ شروع ہونے سے کچھ دیر قبل میتھیو رینشا کی طبیعت خراب ہوئی، ریپڈ ٹیسٹ میں ان کا کورونا مثبت آیا ہے۔کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ میتھیو رینشا ٹیسٹ میچ میں حصہ لیں گے۔آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ پیٹر ہینڈز کومب کو متبادل کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے، ضرورت پڑنے پر پیٹر وہ متبادل پلیئر ہو سکتے ہیں۔کورونا وائرس کے نئے پروٹوکولز کے مطابق اب کھلاڑیوں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ کورونا مثبت ہونے کے باوجود میچ میں حصہ لینے کی اجازت ہے۔آسٹریلیا کی تاہلیا میگرا نے کورونا مثبت ہونے کے باوجود کامن ویلتھ گیمز کے فائنل میں بھارت کے خلاف حصہ لیا تھا۔ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے میتھیو ویڈ کورونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے اس کے باوجود انگلینڈ کے خلاف وہ اسکواڈ میں شامل تھے، وہ میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔واضح رہے کہ میتھیو رینشا 5 سال کے بعد آسٹریلوی ٹیسٹ پلیئنگ الیون میں شامل ہوئے ہیں۔