لاہو ر( این این آئی) پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھارتی کھلاڑی سچن ٹنڈولکر کو آئوٹ کرنے کا دلچسپ قصہ سنا دیا۔ایک انٹرویو کے دوران شعیب اختر نے سچن ٹنڈولکر کو آٹ کرنے کا دلچسپ قصہ سنایا، 1999ء ایشین ٹیسٹ چمپئن شپ میں ایڈن گارڈنز میں میچ کے دوران شعیب اختر نے بھارت کے چار وکٹ لیے تھے۔
اس میچ میں پاکستان کے فاسٹ بولر شعیب اختر اور بھارت کے لیجنڈ بلے باز سچن ٹیندولکر کے درمیان سخت مقابلہ ہوا تھا، میچ میں شعیب اختر نے سچن ٹنڈولکر کو پہلی ہی گیند پر آئوٹ کردیا تھا، اس کا قصہ انہوں نے شیئر کیا ۔شعیب اختر نے کہا کہ سچن دنیا کے ایک سب سے اچھے ، سب سے عظیم شخص ہونے کے ناطے میں ان کے پاس گیا تھا ۔ انہیں دیکھا اور کہا کہ آپ کے پاس میرے خلاف کوئی موقع نہیں ہے، میں نے اس میچ میں سچن کو پہلی ہی گیند پر آئوٹ کردیا تھا اور یہ کرکٹ کی تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا تھا ۔شعیب اختر نے مزید کہا کہ میری وجہ سے وہ پہلی گیند پر آئوٹ ہوگئے تھے ، میری وجہ سے پہلی مرتبہ 70ہزار سے 80ہزار لوگ اسٹیڈیم سے باہر جانا چاہتے تھے، پہلی مرتبہ میچ میں تاخیر ہوئی تھی ، میچ تقریباً دو گھنٹے بعد شروع ہوا تھا ۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ تقریباً ایک لاکھ لوگ میچ دیکھنے آئے تھے اور ٹنڈولکر کے آئوٹ ہونے کے بعد وہاں پر کوئی نہیں تھا۔واضح رہے کہ شعیب اختر کیلئے یہ وکٹ انتہائی خاص تھی، کیونکہ انہوں نے اس وقت کے بہترین بیٹر کو صفر پر آوٹ کیا تھا ۔ انہوں نے اس میچ میں سچن کے علاوہ وی وی ایس لکشمن، راہل دراوڑ اور وینکٹیش پرساد کا بھی وکٹ بھی لیا تھا جبکہ بھارت یہ میچ 46 رنز سے ہار گیا تھا ۔