پشاور( آئی این پی )خیبرروڈ، ریڈ زون میں کور کمانڈر کے گھرکے باہر احتجاج کرنے پر پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی فضل الہی بھی ایف آئی آر میں نامزد ہو گئے ہیں۔ رکن اسمبلی فضل الٰہی کی گرفتاری سے متعلق ڈپٹی سپیکر کو آگاہ کردیا گیاتفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی فضل الہی کی گرفتاری کے لیے خط لکھ دیا گیا ہے۔
سرکاری خط سی سی پی او پشاور کی جانب سے لکھا گیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ فضل الہی نے پشاور کے ریڈ زون میں کور کمانڈر پشاور کے گھر کے باہر مظاہرہ کیا تھا، ایک مہینہ قبل ہونے والے مظاہرے کی ویڈیو میں گالیاں بھی سنی جا سکتی ہیں۔ایم پی اے فضل الٰہی نے اس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ میں پشاور میں ہوں اور تمام مقدمات کا سامنا کروں گا، پولیس جب بھی گرفتار کرتی ہے کریں، کوئی پرواہ نہیں ہے۔اس کے علاوہ پی ٹی آئی پشاور رورل کے صدر عاصم خان بھی مقدمہ میں نامزدہیں۔پی ٹی آئی پشاور سٹی کے صدر عرفان سلیم کی گرفتاری کے احکامات بھی جاری کردئے گئے۔ پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مینا خان آفریدی بھی مقدمہ میں نامزدہیں۔پی ٹی آئی یوتھ کے جنرل سیکرٹری انعام اور ذیشان بھی نامزد ملزم ہیں۔پولیس نے دفعہ 427، دفعہ 353 اور دفعہ 341 کے تحت ایف آئی آر رجسٹرڈ کی ہے واضح رہے ایک ماہ قبل وزیرآباد کے مقام پر پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں فائرنگ کا واقع پیش آیا تھا، جس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی ٹانگوں پر گولیاں لگی تھیں، جبکہ ان کے کئی ساتھی بھی شدید زخمی ہوئے۔ اس حملے کے بعد ملک بھر میں کئی علاقوں میں احتجاج کیا گیا، پشاور میں بھی لوگ بڑی تعداد میں گھروں سے باہر نکلے جس کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔