ممبئی (این این آئی) بھارت کی ریاست مدھیا پردیش میں مسافر بس کے ڈرائیور کو ڈرائیونگ کے دوران دل کا دورہ پڑگیا جس کے بعد وہ بس کو کنٹرول نہ کرسکا۔
حادثے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو بچوں سمیت 6 افرادزخمی ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ڈرائیور کے کنٹرول نہ کیے جانے کے بعد بس تیزی سے آگے موجود موٹرسائیکل سواروں اور گاڑیوں پر چڑھ دوڑی۔رپورٹس کے مطابق حادثے میں بس کا ڈرائیور اور زد میں آنے والا ایک شخص ہلاک ہوگیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں مسافروں اور رکشے میں موجود 2 بچوں سمیت 6 افراد بری طرح زخمی ہوئے ہیں جبکہ مرنے والے شخص کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔پولیس کے مطابق بس کے ڈرائیور کی عمر 60سال تھی جو کہ کئی سالوں سے بس چلا رہا تھا، اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث وہ بس کی اسٹیئرنگ پر ہی گر گیا تھا۔بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں مزید نقصان بھی ہوسکتا تھا تاہم بس کی رفتار ہلکی ہونے کے باعث ایسا نہ ہوا۔