لاہور ( این این آئی) صدر مملکت عارف علوی اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زمان پارک میں اہم ملاقات ہوئی جس میں اہم تعیناتیوں سے متعلق آئینی ،سیاسی اور قانونی امور زیر بحث آئے ۔ اس حوالے سے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے
زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صدر مملکت عارف علوی اور عمران خان کے درمیان تقریباً 45منٹ تک ملاقات جاری رہی جس میں اہم تعیناتیوں پر تقرر سے متعلق آئینی ،سیاسی اور قانونی امور زیر بحث آئے ۔ عمران خان اورصدر عارف علوی نے تمام پہلوئوں سے تقرریوں کا احاطہ کیا ہے جس کے بعد صدر مملکت واپس چلے گئے ۔انشاء اللہ یہ تمام معاملات آئین اور قانون کے مطابق حل ہوں گے۔ذرائع کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے آئین اور قانون کی پاسداری کرنی ہے، ہماری کسی ادارے سے کوئی جنگ نہیں۔دوسری جانب عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے سیاسی امور پر مشاورت کی اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔پرویز الٰہی نے عمران خان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی آپ کو جلد از جلد صحت یاب فرمائے۔قبل ازیں اہم تقرریوں کے حوالے سے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت سینئر لیڈرشپ نے مشاورت بھی کی۔عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس میں اسد عمر شاہ محمود قریشی اور فواد چودھری سمیت دیگر رہنما شریک تھے، صدر کی آمد سے قبل تحریک انصاف کی قیادت نے اہم تعیناتیوں سے متعلق صلاح مشورے کیے۔