لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) مقتول صحافی ارشد شریف کی بیوہ جویریہ صدیق نے اپنے شوہر کے بہیمانہ قتل کی اقوام متحدہ سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان کے شوہر کے قتل کے پس پردہ حقائق سامنے آئیں۔روزنامہ جنگ میں مرتضیٰ علی شاہ کی خبر کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کو لکھے گئے خط میں جویریہ صدیق نے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ’’شہید ارشد کے بہیمانہ قتل کی تحقیقات اقوام متحدہ کی براہ راست نگرانی میں ماہرین کی اعلیٰ سطح کی بین الاقوامی ٹیم کے ذریعے یقینی بنانے میں تعاون کریں‘‘اور’’میرے مرحوم شہید شوہر کے بہیمانہ قتل کی شفاف انکوائری کے لیے عدالتی کمیشن بنانے کیلئے سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کرنے میں ہماری مدد کریں‘‘،انہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کو کینیا کے حکام اور پاکستانی حکام دونوں کی طرف سے کافی وقت گزر چکا ہے۔