لاہور( این این آئی)چوہنگ کے علاقے میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ٹرمینل کے قریب ریموٹ کنٹرول طیارہ گر گیا ، اطلاع ملتے ہی پولیس ، بم ڈسپوزل سکواڈ اور حساس ادارے کے افسران موقع پر پہنچ گئے ۔میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایاگیا ہے کہ
ریمورٹ کنٹرول طیارہ علی ٹائون میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ٹرمینل کے قریب گرا ۔ طیارہ ٹرین کے اسٹبلنگ یارڈ کے خالی ٹریک پر گرا ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس، بم ڈسپوزل سکواڈ اور حساس ادارے کے افسران اوراہلکار فوری موقع پر پہنچ گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر تباہ ہونے والے طیارے میں کسی طرح کے بارودی مواد موجود ہونے کے شواہد نہیں ملے البتہ ایک چھوٹا جاسوسی کیمرہ لگا ملا ہے ۔سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے اہلکاروں نے گرنے والے ریمورٹ کنٹرول طیارے کو قبضے میں لے کر تجزیہ شروع کر دیا ہے ۔تمام اداروں کی طرف سے ریمورٹ کنٹرول طیارہ گرنے کی تحقیقا ت کی جارہی ہیں ۔ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور کمشنر آفس کی جانب سے بھی اس کی تحقیقات جاری ہیں۔ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے نوٹس لیتے ہوئے ایس صدر سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔سی سی پی او لاہور نے واقعہ کی مکمل تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ پولیس ترجمان کے مطابق سینئر پولیس افسران اورمتعلقہ ادارے موقع پر پہنچ گئے،متعلقہ ادارے شواہد کی بنیاد پر ریموٹ کنٹرول طیارے کا جائزہ لے رہے ہیں۔جب اس سلسلہ میں ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے لوکل نمبر پر رابطہ کیا گیا تو بتایا گیا کہ میٹرو ٹرین بغیر کسی تعطل کے آپریشنل ہے ۔