راولپنڈی (مانیٹرنگ، این این آئی) پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے پاکستان کی شکست پر کہا کہ کوئی بات نہیں سر کو جھکائیں نہیں، پاکستان اچھا کھیلا، پاکستانی باؤلرز نے پورے ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دکھائی، ان کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ کے ان فٹ ہونے سے میچ کا رخ بدل گیا، کوئی بات نہیں، قسمت کے ساتھ ساتھ پاکستانی ٹیم
اپنی اچھی کارکردگی کی وجہ سے فائنل میں پہنچی، بین اسٹوکس نے 2016ء کا ورلڈ کپ چھکے کھا کر انگلینڈ کو ہروایا لیکن اب اس نے اپنی ٹیم کو ورلڈ کپ جتوا دیا، شعیب اختر نے کہا کہ پاکستان کی شکست پر دل بہت دکھا ہے لیکن کوئی بات نہیں، انشاء اللہ انڈیا میں ورلڈ کپ اٹھائیں گے۔ دوسری جانب پاکستان کے سابق کرکٹر شعیب اختر نے اپنی ٹوئٹ پر محمد شامی کی متنازع ٹوئٹ پر بھارتی کرکٹر سے سوال کیا ہے کہ بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے کے کمنٹس پر آپ کیا کہتے ہیں؟۔تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں شکست کے بعد سابق کرکٹر شعیب اختر نے اپنے ٹوئٹر اکانٹ پر ٹوٹے ہوئے دل کا ایموجی بناکر ٹیم کی ہار پر دکھ کا اظہار کیا تاہم بھارتی کرکٹر محمد شامی نے شعیب اختر کی ٹوئٹ کے جواب میں اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ نہ کرتے ہوئے ایک متنازع ٹوئٹ کی جس پر انہیں تنقید کا سامنا کر نا پڑا۔محمد شامی نے شعیب اختر کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ سوری برادر اسے کرما کہتے ہیں۔شعیب اختر نے محمد شامی کی متنازع ٹوئٹ پر انہیں جواب دیتے ہوئے بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے کے کمنٹس دکھائے اور پوچھا کہ اس مناسب ٹوئٹ کو آپ کیا کہتے ہیں۔اپنی ٹوئٹ میں ہرشا نے 137 کے ٹوٹل کا شاندار طریقے سے دفاع کرنے پر پاکستانی بولنگ لائن کی تعریف کی تھی۔