اسلام آباد (آن لائن)سابق وزیر اعظم عمران خان کے ہٹ دھرمی پر مبنی رویئے اور سخت شرائط کی وجہ سے لاہور مذاکرات ناکام ہوگئے اور صدر عارف علوی نے ہاتھ کھڑے کردئیے جبکہ عمران خان شہبازشریف سمیت پی ڈی ایم کے کسی بھی رہنما کے ساتھ بیٹھنے کو تیارہی نہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز صدر مملکت عارف علوی لاہور پہنچے جہاں انہوں نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ان کی رہائش گاہ زمان پارک میںمتعدد ملاقاتیں کیں ،ذرائع نے بتایا کہ عمران خان نے وزیر اعظم سمیت پی ڈی ایم کے کسی بھی مرکزی رہنما کے ساتھ ملنے سے صاف انکار کر دیا۔ مشترکہ دوستوں نے انتخابی اصلاحات سمیت الیکشن ٹائم فریم پر بات چیت کیلئے پی ڈی ایم سے ملنے کی تجویز دی اور اس حوالے سے تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں کی کمیٹی بنانے کی تجویز دی گئی تاہم عمران خان نے دونوں تجاویز کو مسترد کر دیا ،صدر عارف علوی عمران خان کو وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات پر آمادہ نہ کرسکے اورعمران خان کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے صدر عارف علوی نے ہاتھ کھڑے کردئیے،ذرائع کا کہنا تھا کہ ایک اہم شخصیت نے بھی عمران خان کے رویئے کی وجہ سے ان سے ملنے سے انکار کر دیا،یہ شخصیت عارف علوی اور عمران خان کے درمیان ملاقاتوں کے دوران انہی دنوں لاہور میں تھے،ڈیڈ لاک کی وجہ سے پس پردہ دوستوں اور عارف علوی نے حکومت سے رابط نہ کیا،اگر عمران خان مذاکرات پر آمادہ ہوتے تو صدر عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف سے بات کرنا تھی،ذرائع کے مطابق عمران خان الیکشن ٹائم فریم اپنی مرضی کا اور آرمی چیف کی تقرری میں بھی اپنی ان پٹ چاہتے تھے۔