اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان بھارتی میڈیا کی آنکھوں کا تارا ہے، ان کا بیانیہ بھارت میں مقبول ہو رہا ہے، عمران خان کی تقریروں پر بھارت میں جشن منایا جا رہا ہے،جب بھی چین سے بات ہونے لگتی ہے
عمران خان کو لانگ مارچ یاد آجاتا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ جب بھی چین سے بات ہونے لگتی ہے عمران خان کو لانگ مارچ یاد آجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سیاسی لانگ مارچ نہیں معاشی لانگ مارچ کی ضرورت ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں چیف الیکشن کمشنر پر مقدمہ کرنا ہے، فنانشل ٹائمز پر مقدمہ کیوں نہیں کرتے؟انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایم ایل ون منصوبہ تاخیر کا شکار کیا، تاخیر کی وجہ سے ایم ایل ون منصوبے کی لاگت 3 ارب ڈالر بڑھ گئی۔انہوںنے کہاکہ ایم ایل ون منصوبہ کی لاگت 6.8 ارب ڈالر سے بڑھ کر 9 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستانی قوم ایسے لیڈر کا ساتھ نہیں دے سکتی جو ملک دشمنوں کی سیاست کر رہا ہو۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پر 10 ارب روپے کے ہرجانے کا مقدمہ کروں گا، انہوں نے مجھ پر نارووال اسپورٹس کمپلیکس کا جھوٹا مقدمہ بنایا اور ڈاکو کہا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کنٹینر سے نعرے لگا رہے ہیں، یہ تو خود گھڑی چور ہیں، ان کی مقبولیت بلبلے کی مانند ہے، قوم نے عمران خان کے لانگ مارچ کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔