اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) حکومت نے رواں سال 11 نومبر کو اسلامی کانفرنس تنظیم کا اجلاس شایانِ شان طریقے سے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اسلامی کانفرنس تنظیم کا پاکستان کی میزبانی میں ہونے والا تیسرا اجلاس ہوگا۔ پاکستان میں او آئی سی کا آخری اجلاس 1997ءمیں وزیراعظم نواز شریف کے دورِ حکومت میں منعقد ہوا تھا۔ رواں سال کانفرنس میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے پر مباحثہ ہوگا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ترکی کے صدر رجب طیب اردوان، ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی، متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان، انڈونیشیا کے صدر جوکو ویڈوڈو، ملائیشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق، قطر کے امیر، عراق کے صدر، الجیریا کے صدر، اردن کے شاہ عبداللہ، کویتی امیر، فلسطین کے صدر، ا?ذربائیجان کے صدر اور اومان کے سلطان، نائیجیریا کے نئے صدر نے اجلاس میں شرکت کیلئے دعوت نامہ قبول کر لیا ہے جبکہ بنگلادیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے جواب کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ جناح کنونشن سینٹر میں ہونے والے اس اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون بھی شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین اجلاس کا افتتاح کریں گے جبکہ وزیراعظم نواز شریف سی ڈی اے کے جانب سے سیشن میں مہمان خصوصی ہوں گے۔ اجلاس کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت کی خوبصورتی کیلئے سی ڈی اے کو پانچ ارب روپے مختص کر دیئے گئے ہیں۔