نیویارک (این این آئی)اقوام متحدہ نیافریقی ملک کینیا سے پاکستان کے معروف صحافی اور سینئر اینکرپرسن ارشد شریف کی پراسرار موت کی مکمل تحقیقات پر زور دیتے ہوئے نتائج منظرعام پر لانے کا مطالبہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ترجمان سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ اسٹیفن ڈوجارک نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ارشد شریف کی موت کی المناک رپورٹ دیکھی ہے، میرے خیال میں وجوہات کی مکمل چھان بین کی ضرورت ہے اور کینیا کے حکام نے کہا ہے کہ وہ ایسا کریں گے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات مکمل کرکے تحقیقات رپورٹ جلد منظر عام پر لائی جائیں۔واضح رہے کہ امریکا نے بھی سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کینیا کی حکومت سے واقعے کی مکمل تحقیقات پر زور دیا ہے۔