کراچی(آئی این پی) کلفٹن میں سیلاب متاثرہ بچی سے اجتماعی زیادتی کیس میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق پولیس نے واقعے کے تناظر میں چار مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے، زیر حراست افراد میں چوکیدار، سیکیورٹی گارڈ سمیت دو دیگر افراد بھی شامل ہیں۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ہر زاویے سے کیس پر کام کر رہے ہیں پولیس کی جانب سے کیس پرکام مزید تیزکردیا گیا ہے امید ہے کہ جلد کوئی نا کوئی شواہد سامنے لانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ گذشتہ روز کلفٹن میں شاپنگ مال کے قریب بچی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا، واقعے کی میڈیکل رپورٹ میں بچی سے اجتماعی زیادتی کی تصدیق ہوچکی ہے۔پولیس افسر نے بتایا کہ بچی کے کپڑے خون آلودہ اور گیلے تھے،سوکھنے پرپولیس کے حوالے کئے گئے ،بچی سے زیادتی کس مقام پر کی گئی تاحال پتہ نہیں چل سکا، بچی کی ماں کے مطابق وہ شکارپورمیں سیلاب کے باعث کراچی آئی تھی اور چھ بچوں کے ہمراہ شاہ رسول کالونی میں فٹ پاتھ پررہتی ہے۔دوسری جانب پولیس سرجن ڈاکٹرسمعیہ نے بتایا کہ اغوا اور زیادتی کا نشانہ بننے والی بچی کی حالت خطرے سے باہر ہے، ڈی این اے سمیت دیگرنمونے جامعہ کراچی کی لیب بھجوائے گئے ہیں،رپورٹ آنے میں کم از کم 5 سے 6 دن لگ سکتے ہیں، رپورٹس آنے کے بعد ہی دیگرمعلومات سامنے آسکیں گی۔