اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے استفسار کیا ہے کہ عمران خان نے ارشد شریف سے کیوں کہا کہ باہر چلے جائیں؟۔نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان لوز ٹاک کرنے کے ماہر ہیں، پوچھتا ہوں
پی ٹی آئی چیئرمین کے پاس ارشد شریف سے متعلق معلومات تھیں تو اس وقت کیوں نہیں بتایا؟۔انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کی لاش کو عمران خان اپنی گھٹیا سیاست کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں، مقتول سینئر صحافی نے جو موقف اپنایا ہوا تھا اس کا فائدہ پی ٹی آئی چیئرمین کو ہوا۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان نے ارشد شریف سے کیوں کہا کہ باہر چلے جائیں، سوال تو یہ بھی ہے کہ کیا یہ ارشد شریف کے لئے کسی اچھے ملک کے ویزے کا انتظام نہیں کرسکتے تھے؟۔انہوںنے کہاکہ ارشد شریف پر مقدمات کے اندراج کے بعد میری ان سے ایک دو بار بات ہوئی تھی، میں نے سینئر صحافی سے کہا تھا کہ مجھ سے ملیں ہم آپ کی مدد کو تیار ہیں۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ میرے خیال میں انکوائری کمیشن کو 1 ماہ میں رپورٹ دینا چاہیے، اگر انکوائری کمیشن کو کینیا کا دورہ کرنا پڑا تو ہوسکتا ہے وقت لگ جائے۔