واشنگٹن(نیوز ڈیسک)امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کا خاتمہ چاہتے ہیں، امریکی محکمہ خارجہ میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی اور تناؤ کا خاتمہ چاہتے ہیں کیونکہ یہ خطے کے تمام ممالک کے مفاد میں ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان جتنے زیادہ مذاکرات ہوں گے، اتنا ہی تناؤ میں کمی ہوگی اور امریکا دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان کا کہنا تھا کہ سوزن رائس نے حالیہ دورہ پاکستان میں دہشت گردی کے حوالے سے پاکستانی قیادت سے کھل کر اور تعمیری بات چیت کی ہے اور خطے میں جاری خطرات اور تشدد کو ختم کرنے کے لیے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا کو اس بات کا احساس ہے کہ طالبان کے علاوہ حقانی نیٹ ورک اور پاکستان میں موجود دیگر دہشت گروپوں سے اب بھی خطرات لاحق ہیں اور امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان اس خطرات میں کمی کے لیے مزید اقدامات کرے۔امریکا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اب بھی دہشت گردوں کے کئی گروہ پیدا ہو رہے ہیں۔ چاہتے ہیں کہ پاکستان ان کے خلاف کارروائی کرے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ کا خاتمہ چاہتے ہیں ، اس کا بہترین راستہ مذاکرات ہیں۔