نئی دہلی (این این آئی )دنیا بھر میں سونا اسمگل کرنے کے متعدد کیسز رپورٹ ہوتے ہیں لیکن حال ہی میں سونا اسمگل کرنے کے لیے ایک انوکھا طریقہ اپنایا گیا جو بلآخر پکڑا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سونا اسمگل کرنے کے لیے انوکھا طریقہ واردات بھارت میں اپنایا گیا
لیکن کسٹم حکام نے اسے پکڑ لیا۔کسٹم افسر نے بتایا کہ ملزم نے پگھلے ہوئے سونے کے پانی میں 5 تولیوں کو بھگو کر پلاسٹک کے بیگ میں محفوظ کیا تھا جسے بھارتی ریاست کیرالا کے ائیرپورٹ سے اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے ناکام بنادیا گیا۔کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ انہوں نے تولیے کے گیلے ہونے پر شک کیا تو ملزم تسلی بخش جواب نہ دے سکا جس پر مزید کارروائی عمل میں لائی گئی۔کسٹم حکام کے مطابق ملزم کی شناخت 26 سالہ فہد کے نام سے ہوئی جس کا تعلق بھارتی ریاست کیرالا سے ہے اور وہ یہ سونا دبئی سے لے کر آیا تھا جسے ائیرپورٹ پر ہی دھر لیا گیا۔کسٹم حکام نے کہا کہ قیمتی دھات اسمگل کرنے کی یہ واردات انہوں نے پہلی بار دیکھی ہے، اس طریقہ کار سے سونے کی اسمگلنگ میں کتنا سونا چھپایا گیا اس کا پتا چلایا جارہا ہے۔