اسلام آباد(این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کی جس میں آڈیو لیکس معاملے پر گفتگو کی گئی ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی سیکورٹی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ ملاقات اسحاق ڈار کی حلف برداری تقریب
سے قبل ہوئی جس میں آڈیو لیکس کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی۔وزیراعظم نے صدر مملکت کوجنرل اسمبلی اجلاس کے دوران مختلف سربراہان مملکت سے ملاقاتوں کے متعلق آگاہ کیا۔اسحاق ڈار نے وفاقی وزیر کا حلف اٹھانے کے فوری بعد ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی جو 20 منٹ تک جاری رہی۔ دونوں نے ملکی معاشی صورتحال پر اظہار تشویش کیا جبکہ سیلاب کی صورتحال میں معیشت کے مزید نقصان پر بھی گفتگو کی گئی۔وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے صدر مملکت کو اپنے پلان سے آگاہ کیا۔دوسری جانب امریکی سائفر سے متعلق پی ٹی آئی کے سربراہ، سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور اعظم خان کی آڈیو لیک سامنے آ گئی جس میں سابق وزیراعظم عمران خان کہہ رہے ہیں امریکا کا نام نہیں لینا، بس صرف کھیلنا ہے۔ سامنے آنے والی آڈیو کلپ میں عمران خان کو کہتے سنا جا سکتا ہے کہ اب ہم نے صرف کھیلنا ہے، امریکا کا نام نہیں لینا، بس صرف یہ کھیلنا ہے کہ اس کے اوپر کہ یہ ڈیٹ پہلے سے تھی۔