اسلام آباد (این این آئی)سینئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے شاہنواز کے ہاتھوں قتل ہونے والی اس کی بیوی سارہ کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا۔ہسپتال ذرائع کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتولہ سارہ کے سر، ماتھے اور بازووں پر زخم کے نشانات ہیں۔ہسپتال ذرائع کے مطابق خاتون ڈاکٹر نے سارہ کی لاش کا مکمل معائنہ کیا اور مختلف ایکسرے بھی کیے گئے۔ذرائع کے مطابق مقتولہ سارہ کی لاش پولیس کلینک کے سرد خانے میں رکھوا دی گئی ہے۔پولیس حکام کے مطابق مقتولہ کے خاندان سے کینیڈا میں رابطہ کیا جا رہا ہے، مقتولہ کی میت نمونے فارنزک کے لیے بھجوائے جانے کے بعد لواحقین کے حوالے کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق سارہ کے خاندان سے اگر کوئی بھی مدعی نہ بنا تو پھر پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج ہوگا۔ذرائع کے مطابق واردات کے وقت قاتل نارمل تھا، وہ کسی نشے کی حالت میں نہیں تھا۔