اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)برطانیہ کے شہر مشرقی لیسٹر کے کچھ علاقوں ایک بار پھر بڑی تعداد میں پاکستانی اور انڈین باشندوں کے آمنے سامنے آنے اور ’نسل پرستانہ اور نفرت انگیز نعرہ بازی‘ کرنے کے باعث بدنظمی پیدا ہونے کے بعد پولیس اور کمیونٹی رہنما سب
سے پُرامن رہنے کی اپیل کر رہے ہیں۔بی بی سی اردو کی رپورٹ کے مطابق آن لائن فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ سنیچر کی شام سیکڑوں لوگ، خاص طور پر مرد، سڑکوں پر نکل آئے۔28 اگست کو ایشیا کرکٹ کپ میں انڈیا اور پاکستان کے مابین کھیلے جانے والے کرکٹ میچ کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کی یہ تازہ ترین کڑی ہے۔انڈیا اور پاکستان کے درمیان کرکٹ میچ کے بعد لیسٹر میں ہجوم جمع ہونے پر ایک پولیس افسر اور ایک عام شہری پر حملہ کرنے کا ناخوشگوار واقعہ بھی پیش آیا تھا۔حکام کے مطابق پولیس کی نفری کو اتوار کے روز بیلگریو کے علاقے ہجوم جمع ہونے کی اطلاع کے بعد طلب کیا گیا تھا۔ اس موقع پر ایک جوڑے پر حملہ کیا گیا جس میں ایک 28 سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا۔نفری طلب کیے جانے کے بعد لیسٹرشائر پولیس نے بتایا کہ ایشیا کپ میچ کے اختتام کے بعد افسران نے میلٹن روڈ، شافٹسبری ایونیو اور بیلگریو روڈ کے علاقے میں گشت شروع کیا۔میچ کے بعد پولیس حکام نے کہا کہ اسے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ‘نسل پرستانہ اور نفرت انگیز نعرہ بازی کی متعدد ویڈیوز سے آگاہ کیا گیا ہے۔