اسلام آباد (این این آئی)وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت تباہ کن سیلاب کے بعد بھارت سے درآمدات کی اجازت دینے کا فیصلہ سپلائی کی صورتحال جا جائزہ لینے، اتحادیوں اور اہم اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد کریگی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے ایک بیان میں وزیر خزانہ نے کہا کہ ایک سے زیادہ عالمی ایجنسیوں نے حکومت سے رابطہ کیا ہے کہ انہیں زمینی سرحدی راستے کے ذریعے بھارت سے کھانے پینے کی اشیا درآمد کرنے کی اجازت دی جائے۔اپنے ٹوئٹ میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت اپنے اتحادیوں، اہم اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور اشیا کی سپلائی کی کمی کی صورتحال کی بنیاد پر بھارت سے درآمدات کی اجازت دینے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرے گی۔مفتاح اسماعیل کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر نے کہا کہ ملک کو اشیائے خورونوش کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مختصر مدت کے اندر سستے نرخوں پر درآمدات نہ کرنا مجرمانہ فعل ہوگا۔انہوںنے کہاکہ جیسا کہ ہم کہتے ہیں کہ ہم سیاست بعد میں کرسکتے ہیں، اسی طرح ہم عالمی سیاست بھی بعد میں کرسکتے ہیں۔