لندن (این این آئی) سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے سیلاب زدگان کی امداد کے لیے الخدمت کو عطیات دینے کی اپیل کی ہے۔تفصیلات کے مطابق سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر
جانی و مالی نقصان ہوا ہے، ساڑھے 1100 سے زائد افراد سیلابی ریلوں کی نذر ہو گئے اور لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں، 10 لاکھ کے قریب مویشی ہلاک ہو گئے جبکہ لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔حکومت پاکستان اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ ساتھ دوست ممالک اور نجی و غیر ملکی فلاحی ادارے بھی سیلاب زدگان کی مدداور اپیل کررہے ہیں ۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے بھی پاکستانی کے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے سوشل میڈیا پر اپیل کی ہے۔جمائما نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں لکھا کہ سیلاب زدگان کی امداد کے لیے الخدمت کو عطیات دیں، الخدمت سیلاب سے متاثرہ تمام علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کے کام کر رہی ہے۔عمران خان کی سابق اہلیہ نے الخدمت کا لنک شیئر کیا اور ساتھ فلاحی ادارے کا بینک اکاؤنٹ نمبر بھی شیئر کیا۔اس کے علاوہ جمائما گولڈ اسمتھ نے سیلاب زدگان کو عطیات دینے کیلئے خیبرپختونخواہ اور پنجاب حکومت کے ریلیف فنڈ کے اکاؤنٹ نمبرز بھی شیئر کیے۔