نیوجرسی، نیو یارک (آن لائن، این این آئی) امریکا میں ہونے والے حملے میں شاتم رسول ملعون سلمان رشدی شدید زخمی ہوگیا اور اس کی قوت گویائی متاثر ہوگئی ہے جب کہ ایک آنکھ بھی ضائع ہونے کا امکان ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سلمان رشدی پر نیویارک
میں ایک تقریب کے دوران حملہ ہوا جس میں وہ شدید زخمی ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق ملعون سلمان رشدی کی حالت تشویشناک ہے اور اسے وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سلمان رشدی بول نہیں پا رہا اور اس کی ایک آنکھ بھی ضائع ہونے کا امکان ہے۔رشدی کے ایجنٹ اینڈریو وائلی نے بتایا کہ سلمان رشدی کے بازو کے اعصاب کٹے ہوئے تھے اور جگر میں چھرا گھونپنے سے اسے شدید نقصان پہنچا ہے اور وہ ممکنہ طور پر ایک آنکھ سے محروم ہو جائے گا۔دوسر ی جانب امریکی ریاست نیویارک میں ملعون سلمان رشدی پر حملہ کرنے والے ملزم کی شناخت ظاہر کر دی گئی۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک بیان میں نیویارک پولیس نے بتایاکہ ملعون سلمان رشدی پر ہادی ماتر نے چاقو سے حملہ کیا۔پولیس کا کہنا تھا کہ 24 برس کے ہادی ماتر کا تعلق امریکی ریاست نیوجرسی سے ہے، ان کی جانب سے حملے کی وجہ تاحال واضح نہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق ہادی ماتر نیکیلی فورنیا کے الزبتھ لرننگ سینٹر سے تعلیم حاصل کی تھی۔