اسلام آبا د(این این آئی)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے متحدہ عرب امارات میں سیلاب کی وجہ سے پاکستانی شہریوں سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔اتوار کواپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم نے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
زیر اعظم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات میں پاکستانی شہریوں سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ ہوا۔ وزیراعظم نے پوسٹ کیا کہ میری مخلصانہ ہمدردیاں اور دلی تعزیت سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ اس مشکل وقت میں پاکستان متحدہ عرب امارات کے عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانے کو متاثرہ خاندانوں کی مکمل مدد کرنے کی بھی ہدایت کی۔قبل ازیں وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ بلوچستان میں سیلاب سے وسیع پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں معاونت کی فراہمی پر میں وزیراعظم محمد شہباز شریف ،پاک فوج، ، وزیراعلی خیبرپختونخوامحمود خان اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں، وزیراعلی بلوچستان میرعبدالقدوس نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ہم سب مل کر اس امتحان سے جلد سرخرو ہو کر نکلیں گے۔