واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائیس کا کہنا ہے کہ امریکی حکام پاکستانی حکام کے ساتھ باقاعدگی کے ساتھ مختلف معاملات پر بات چیت کرتے رہتے ہیں۔وہ چیف آف آرمی اسٹاف کی جانب سے امریکا کی ڈپٹی وزیر خارجہ وینڈی شرمن
کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے تناظر میں سوال کا جواب دے رہے تھے۔روزنامہ جنگ میں واجد علی سید کی شائع خبر کے مطابق تفصیلات میں جائے بغیر انہوں نے کہا کہ معیاری طریقہ کار کے مطابق، ہم نجی سفارتی بات چیت کی باریکیوں میں نہیں جاتے۔انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان میں مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے میں ہے۔چند روز قبل سابق وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی کی جانب سے اسسٹنٹ وزیر خارجہ ڈونلڈ لوُ کے ساتھ ہونے والے رابطے کے حوالے سے نیڈ پرائیس کا کہنا تھا کہ اگر ایسی کوئی بات چیت ہوئی ہے تو میں اس پر تبصرہ نہیں کر سکتا۔ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان میں آئینی اور جمہوری اصولوں بشمول حقوق انسانی کی پاسداری کی حمایت کرتا ہے، ہم کسی ایک جماعت پر دوسری کو ترجیح نہیں دیتے، ہم قانون کی بالادستی اور قانون کے مطابق مساوی انصاف کے وسیع ترین اصولوں کے حامی ہیں۔